بھٹکل:26/ جولائی(ایس او نیوز)27اور 28جولائی کو بھٹکل تعلقہ کے ہندو بھائیوں کا ماری کامبا دیوی مندر کاجاترا (ماری ہبا) بڑی دھوم دھام سےمنایا جائے گا۔
ماری دیوی کی مورتی کو سجانے کا کام آخری مرحلے میں ہے۔ اس ہبّا کی تاریخی خصوصیت میں یہ بات بھی شامل ہے کہ پرانے زمانے سے ہی ماروتی آچاریہ کے خاندان والے ہی ماری دیوی کی مورتی کو تراشتے آرہے ہیں۔ تراشنے کے مختلف مراحل اور مذہبی طورپر پوجا پاٹ اور کئی رسومات کو اداکرنے کے بعد ماری کامبا مندر میں لاکر مورتی کو نصب کیا جاتاہے۔ دودن مندر میں ماری دیوی کی خصوصی پوجا کی جاتی ہے۔ میلے کے موقع پر مندر اور پاس پڑوس کے ماحول کو سجایاجاتاہے راستے کناروں پر پھولوں اور مٹھائیوں سمیت کئی باکڑے لگائے جاتے ہیں۔
ہبّا کو دیکھتے ہوئے اب مندر انتظامیہ کی طر ف سے بھگتوں کو قطار میں کھڑے ہوکر پوجا پاٹ کرنے کی سہولت مہیا کی گئی ہے۔ جمعرات کی شام 4 بجے ماری دیوی کو جالی کے سمندر کنارے لے جاکر وداع کیاجائے گا، میلے کو دیکھتے ہوئے شہر میں پولس کا بہتر بندوبست کیا گیا ہے، امن میں خلل ڈالنے والی کسی بھی کوشش کو ناکام کرنے اور شرپسندوں کے خلاف کڑی کارروائی کرنے کا اے ایس پی ڈاکٹر انوپ شٹی نے انتباہ دیا ہے۔